پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و رقاصہ مہربانو نے شوبز انڈسٹری کے ڈارک سائیڈ کو بے نقاب کردیا ہے۔
مہر بانو ایک اداکارہ، مصنفہ اور ڈانسر ہیں، انہوں نے چند ہی ڈراموں میں کام کیا ہے اور وہ پاکستان کے کچھ بہت ہی فنی پراجیکٹس سے منسلک رہی ہیں جن میں سرمد کھوسٹ اور صبا قمر کی کملی شامل ہیں۔
حال ہی میں مہربانو نے نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
شو میں دورانِ گفتگو انہوں نے بتایا کہ تمام شعبوں کا ایک ڈارک سائیڈ ہوتا ہے اسی طرح شوبز کا بھی ایک بہت بڑا ڈارک سائیڈ ہے، ایسے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیں جنہیں سیٹ پر ہراساں کیا جاتا ہے، کیمرے کے سامنے اور پیچھے اس طرح کے واقعات عام ہیں۔
اداکارہ مہربانو نے انکشاف کیا کہ کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی کی جانب سے یہ پیشکش بھی کی جاتی ہے کہ یہ کرلو تو تمہیں کام مل جائے گا، طاقتور افراد کی طرف سے اداکاروں پر کام کے لیے دباؤ بھی ڈالا جاتا ہے۔
مہر بانو نے مزید کہا کہ شوبز ایک ایسی دنیا ہے جہاں حسین چہرے اور پرکشش شخصیات موجود ہوتی ہیں، اسی لیے اس کا تاریک پہلو بھی بہت نمایاں ہے اور بہت لوگ اس کا نشانہ بھی بنتے ہیں۔