کراچی / لاہور / پشاور / اسلام آباد : ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں کہیں دھند، کہیں سرد ہوائیں اور کہیں بارش کا سماں ہے۔ سردی نے ملک بھر میں اپنے پنجےگاڑ دئیے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کوئٹہ، مالا کنڈ ڈویژن، فاٹااور کشمیر سمیت بعض مقامات پر بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں پشاور اور سکھر ڈویژن میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی توقع ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ استور میں منفی گیارہ، پارہ چنار میں منفی دس، اسکردو منفی نو، ہنزہ منفی سات، قلات منفی چھ، کوئٹہ منفی پانچ، گلگت منفی چار اور مری میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے۔