اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی رہنما مہر بانو قریشی 9 کارکنان سمیت رہا، پیغام جاری

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان : جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان کے پل چٹھہ سے گرفتار ہونے والی پی ٹی آئی رہنما مہر بانو قریشی و دیگر کارکنان کی گرفتاری کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

مقامی عدالت نے مہربانو قریشی اور دیگر کارکنان کو رہا کردیا۔ ملتان پولیس نے9پی ٹی آئی کارکنان کو رات گئے عدالت میں پیش کیا، اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا۔

عدالت نے ملزمان کیخلاف مقدمہ کے ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے بری کیا، مخدوم رشید پولیس نے اپنی مدعیت میں مہربانو قریشی سمیت متعدد کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

پولیس کے مطابق مہربانو قریشی، زاہد بہار ہاشمی سمیت گرفتار 9 افراد کو علاقہ مجسٹریٹ نے بری کردیا جبکہ علاقہ مجسٹریٹ نے ناکافی شواہد پر تفتیشی افسر کی جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

رہائی کے بعد پی ٹی آئی رہنما مہربانو قریشی نے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی آڈیو پیغام میں اپنی بریت کی خبر سنائی۔

انہوں نے کہا کہ آج لوگوں نے مجھے مایوس نہیں کیا، بلکہ میرا دل خوش کردیا، میں بالکل خیریت سے ہوں، مجھے رہا کردیا گیا ہے اب واپس اپنے گھر جارہی ہوں۔

اپنے آڈیو پیغام میں مہر بانو قریشی نے مزید کہا کہ مجھےامید ہے کہ باقی سب کارکنان بھی اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہوں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہفتہ 8 فروری کو ہر قسم کے سیاسی احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی تھی۔

نوٹی فیکشن میں کہا گیا تھا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں