پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں سوال اٹھا دیا کہ بتایا جائے نواز شریف نے 10 سالہ جلا وطنی کیوں کاٹی؟
اے آر وائی نیوز کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی اجلاس میں گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ میں بیٹھی تمام سیاسی جماعتوں کا امتحان ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جمہوری اور غیر جمہوری طاقتوں کی لڑائی روز اول سے جاری ہے اور یہ لڑائی اب کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ میں اس لڑائی میں جمہوری قوتوں کی صفوں میں کھڑا ہوں۔
سینئر سیاستدان ایوان میں ن لیگی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ نواز شریف نے 10 سال جلا وطنی کیوں کاٹی۔ انہوں نے ن لیگی قیادت پر بھی تنقید کی جس پر ایوان میں موجود ن لیگی ارکان نے احتجاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے آئین کے دفاع کا حلف لیا تھا۔ آئین کے تحفظ کے لیے جتنی قربانیاں دینی پڑیں ہم دینے کو تیار ہیں۔ یہ لڑائی گرم ہو گی اور ہم دیکھیں گے کہ میدان میں کون قربانی دیتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتار کیا۔ ان میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت دیگر بھی شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی نے اس انداز میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پارلیمنٹ پر حملہ قرار دے دیا ہے۔