جمعرات, اپریل 24, 2025
اشتہار

محمود خان اچکزئی کا صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارت کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے انتخاب سے ایک روز قبل صدارتی الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق نئے صدر پاکستان کے لیے کل انتخاب ہوگا تاہم الیکشن سے ایک روز سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدارت کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے صدارتی الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر کے لیے الیکٹورل کالج مکمل نہیں ہے کیونکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی کئی مخصوص نشستیں ابھی تک خالی ہیں۔

انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے اور یہ معاملہ اب عدالتوں میں ہے، جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا اور صدر کے انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج مکمل نہیں ہوتا اس وقت تک صدارتی انتخاب کو ملتوی کیا جائے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی کا خط الیکشن کمیشن کو مل گیا ہے تاہم یہ اب اس کی صوابدید پر ہے کہ وہ اس پر کیا فیصلہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ کل ہونے والے صدارتی الیکشن کے لیے حکومتی اتحاد کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے محمود خان اچکزئی امیدوار ہیں۔

صدارتی انتخاب کے لیے کل قومی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوگی۔

صدارتی انتخاب سے قبل آج صدر ڈاکٹر عارف علوی کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں