کراچی : پولیس نے سانحہ مہران ٹاؤن فیکٹری سے متعلق کیس میں فیکٹری مالک اور منیجر کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد دونوں کوگرفتار کرلیا جب کہ مکان مالک طارق فیصل پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ میں سانحہ مہران ٹاؤن فیکٹری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے مقدمے میں نامزد فیکٹری مالکان اور منیجر کی درخواست ضمانت مسترد کردی ، ملزمان میں مکان مالک طارق فیصل، فیکٹری مالک علی حسن اور منیجر عمران زیدی شامل ہیں۔
عدالت کی جانب سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد مکان مالک طارق فیصل پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا ، ملزم طارق فیصل ججز کے لئے مختص راستےسےسٹی کورٹ سے فرار ہوئے۔
پولیس نے فیکٹری مالک اور منیجر کو گرفتار کرلیا ، جس کے بعد پولیس فیکٹری مالک حسن مہتا اور منیجر عمران زیدی کو سٹی کورٹ سے لیکر روانہ ہوگئی۔
گذشتہ سماعت میں مقامی عدالت نے فیکٹری مالکان کی ضمانت میں 7ستمبر تک توسیع کی تھی ، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالک برطانوی شہری ہے، فرار ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں چمڑا رنگنے کی فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں فیکٹری کے 16 ملازمین جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں پولیس نے مقدمہ درج کر کے فیکٹری کے چوکیدار، مینیجر اور سپر وائزر کو حراست میں لے لیا تھا۔