معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بھی ونڈر وومن بننے کی خواہش ظاہر کردی، مداح پہلے ہی ان کے ونڈر وومن فلم میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیے جانے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔
مہوش حیات مس مارول میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد مداحوں کے دل میں گھر کر گئیں، حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ویب سیریز مس مارول میں شاندار اداکاری دکھانے کے بعد مداحوں کو امید ہے کہ مہوش حیات کو اب ہولی وڈ سپر ہیرو وومن فلم ونڈر وومن میں بھی کاسٹ کیا جائے گا۔
اب تک ونڈر وومن میں اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت مرکزی کردار ادا کرتی آئی ہیں۔
مذکورہ سیریز کی دو فلمیں سامنے آچکی ہیں، جس میں گال گدوت کے کام کو سراہا گیا، تاہم مس مارول میں مہوش حیات کی اداکاری دیکھنے کے بعد کئی مداحوں نے خواہش ظاہر کی کہ اب پاکستانی اداکارہ کو اسرائیلی اداکارہ کی جگہ کاسٹ کیا جائے۔
اب اس حوالے سے خود اداکارہ بھی اپنی دل کی بات زبان پر لے آئیں، اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں ونڈر وومن کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔
View this post on Instagram
مذکورہ تصویر میں ونڈر وومن کے کاسٹیوم میں گال گدوت کا چہرہ ایڈٹ کر کے ان کی جگہ مہوش حیات کا چہرہ لگایا گیا ہے، مہوش نے اپنی اسٹوریز پر تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے شاندار قرار دیا۔
ابھی تک مارول اسٹوڈیوز نے ونڈر وومن کی تیسری فلم بنانے کا واضح اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ 2025 تک سیریز کی تیسری فلم ریلیز ہوگی۔