سیالکوٹ: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس کے اراکین متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے دن رات ایک کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ٹائیگر فورس کے اراکین نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب کو ٹائیگر فورس کی کیپ پہنائی گئی۔
سردار عثمان بزدار نے احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے سینٹر کا دورہ کیا اور مستحق خواتین میں مالی امداد کی تقسیم کےعمل کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین سے سینٹر انتظامات سے متعلق دریافت کیا۔ خواتین نے مالی امداد کی تقسیم کے عمل میں شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے فیلڈ اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتو ں کا جائزہ لیا اور مختصر وقت میں فیلڈ اسپتال قائم کرنے پر انتظامیہ کی تعریف بھی کی۔سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ فیلڈ اسپتال میں خواتین کے لیے علیحدہ آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کے اراکین متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے دن رات ایک کر دیں۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں اجر ملے گا۔