لاہور : ن لیگ کے اکثریتی ارکان نے جلد الیکشن کی صورت میں سینئرقیادت کو تحفظات سے آگاہ کردیا اور کہا الیکشن سے قبل مہنگائی ، پیٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا اسمبلی کی تحلیل کیلئے گورنرکو ایڈوائس بھجوانے کے معاملے پر اکثریتی ن لیگی ارکان صوبائی اسمبلی نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کرلیا۔
ن لیگی ارکان نے جلد الیکشن کی صورت میں ن لیگی سینئرقیادت کو تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا 3 ماہ میں الیکشن کی صورت میں حلقے میں مشکلات پیدا ہونگی۔
ارکان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری کے باعث انتخابی مہم میں دقت ہوگی، پی ٹی آئی 8 ماہ سے الیکشن مہم چلارہی ہے، پرویز الٰہی نے پنجاب میں اربوں کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے۔
ن لیگی ارکان نے کہا کہ ن لیگ کی مرکزی قیادت نے پنجاب میں کوئی سیاسی سرگرمیاں نہیں کیں، سینئر قیادت اراکین صوبائی اسمبلی کو بلاکر معاملے پر اعتماد میں لے۔
ارکان نے روز دیا کہ الیکشن سے قبل مہنگائی ، پیٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دینا ہوگا اور نوازشریف ،مریم نواز کو انتخابی مہم کا حصہ بننا ہوگا۔