اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں ارکان کا بغیر کورونا ٹیسٹ شرکت کا انکشاف ہوا ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نےٹیسٹ نہ کرانے والے ارکان کو شرکت نہ کرنےکامشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بغیر کورونا ٹیسٹ کے ارکان کی اجلاس میں شرکت کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے ٹیسٹ نہ کرانے والے ارکان کو اجلاس میں شرکت نہ کرنےکامشورہ دیا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے تمام ارکان سینیٹ کو خط لکھ کر بھی آگاہ کیا ہے۔
خط میں ڈپٹی چیئرمین کا کہنا ہے کہ ارکان کی جانب سے ٹیسٹ نہ کرانے کا علم ہوا ہے، ان ارکان نے بھی شرکت کی جن کو رپورٹ نہیں ملی، ٹیسٹ نہ کرانے اور رپورٹ نہ ملنےوالےارکان شرکت نہ کریں۔
واضح رہے کہ ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، بغیر اسکریننگ کے ارکان اور عملے کو پارلیمنٹ میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان کو فیس ماسک پہننے کی ترغیب دی گئی ہے اور مہلک وبا سے بچنے کے لیے تمام تر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔