کراچی : تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، قائم علی شاہ اور دیگر اراکین اسمبلی نے نئے وزیراعلی کو مباکباد پیش کی اور سندھ کے مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے اِن مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
وزارت اعلیٰ کیلئے مراد علی شاہ کے مد مقابل پی ٹی آئی کے رکن خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے نو منتخب وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر تحریک انصاف کی طرف سے مبارک باد پیش کی ,انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ سے تعلیم،کرپشن کے خاتمے اور صحت کی بہتری کے لیے کام کرنے کی امید ہے جب کہ سندھ میں امن عامہ کی بحالی کے لیے سندھ رینجرز کو اختیارات دلوانے میں بھی کامیاب ہو جائیں گے۔
قبل ازیں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دوست اور پرانے ساتھی اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید عبداللہ شاہ کے فرزند مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ بننے پر مبارک باد دیتے ہیں اس منصب کے لیے سید مراد علی شاہ کی نامزدگی ہماری لیڈر شپ کی کی چوائس ہے جب کہ ایوان کی اکثریت بھی سید مراد علی شاہ کے حق میں ہے اس طرح وہ اکثریت کے وزیر اعلی ہیں اور سب کے لیے قابل قبول ہیں۔
ایم کیوایم کے رہنما سید سرداراحمد کاسندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مرادعلی شاہ کووزیراعلیٰ منتخب ہونے پرمبارک باد دیتے ہیں،ان سے کئی توقعات ہیں،نئے وزیراعلیٰ کو کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ذوالفقار مرزا کے صاحبزادے اور رکن سندھ اسمبلی حسنین مرزا نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی خوش آئند ہے، رینجرزبھی سندھ میں امن و امان کے لیےکام کررہی ہے اس وقت حکومت اور قانون نافذ کرنے والےاداروں میں تصادم کی صورتحال ہے، سندھ کی نئی کابینہ کو یہ مسائل درپیش ہوں گے۔
رؤف صدیقی کا مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے کے بعد سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم کے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کے باوجود متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی اور مجھ اسیر رکن اسمبلی کے پاس بھی چل کر آئے اور خیریت دریافت کی جو انکسارانہ اور بہت اچھا اقدام ہے۔
سینیر صوبائی وزیر نثار کھوڑو مراد علی شاہ کو سندھ کا وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سندھ اسمبلی میں خطاب میں انہیں مبارکباد پیش کی، ان کا کہنا تھا کہ بہت باتیں ہوتی تھیں کہ پارٹی میں کتنے ناراض ہیں، آج ہم نے دکھادیا کہ سیسہ پلائی دیوار ہیں، پیپلز پارٹی مقابلے کی سکت رکھتی ہے،تا ہم مراد علی شاہ کو ابھی بہت کام کرنا ہے۔