بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

نوجوان لڑکیوں کی ذہنی صحت کی بہتری کے لیے کوشاں خاتون

اشتہار

حیرت انگیز

دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے ذہنی امراض لوگوں کی صحت کو بے حد متاثر کر رہے ہیں، تاہم ان امراض کو سمجھنا اور ان پر قابو پانا ایک مشکل عمل ہے۔

ایک امریکی خاتون اچیا ریڈ نے اسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ذہنی مسائل سے نبرد آزما نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک ادارہ قائم کیا ہے جہاں وہ لڑکیوں کو کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

ریڈ سنہ 2016 میں شدید ڈپریشن اور اینگزائٹی ڈس آرڈر کا شکار ہوگئی تھیں، اپنی اس کیفیت پر قابو پانے کے لیے انہوں نے اپنے خیالات پر مشتمل بلاگ لکھنا شروع کیے۔

لکھنے سے ان کے مرض میں خاصی کمی آئی، تب ہی انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ ڈپریشن کا شکار نوجوان لڑکیوں کو اس بات کی طرف راغب کیا جائے کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار کریں تاکہ ان کے مرض میں کمی آئے۔

ریڈ اس سال کے وسط میں اپنی کتاب بھی منظر عام پر لانے والی ہیں جس کا نام ہے، ’بی فری بی یو‘۔ وہ کہتی ہیں، ’ڈپریشن سے لڑنے والے افراد کے لیے میرا پیغام ہے، آپ اکیلے نہیں ہیں، اپنے خیالات کا اظہار کریں‘۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپس میں گفتگو کرنا بھی آپ کی ذہنی صحت کو بہتر کرسکتا ہے، ’ضرورت اس بات کی ہے کہ گفت و شنید کے لیے محفوظ مقام میسر ہو جہاں آپ اپنے خیالات کا اظہار کرنے سے نہ گھبرائیں‘۔

ریڈ کا ادارہ نہ صرف ڈپریشن کے شکار افراد کو ایسی جگہ مہیا کرتا ہے، بلکہ وہ ان کی ذہنی حالت کے پیش نظر انہیں مدد اور رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں