ملتان: میپکو نے ریجن بھر میں افسران پر محکمانہ گاڑیوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کے بھاری بلوں پر عوامی احتجاج اور رد عمل کے باعث میپکو نے ریجن بھر میں افسران پر محکمانہ گاڑیوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ میپکو کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہونے تک گاڑیوں سے گرین نمبر پلیٹیں بھی اتار لی جائیں۔
واضح رہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں عوام کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، بجلی کے بلوں نے گزارا مزید مشکل کر دیا ہے۔
راولپنڈی میں بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کے خلاف شہریوں نے لیاقت باغ مری روڈ پر احتجاج کیا، گوجرانوالہ میں بھی عوام بجلی کے بلوں کے خلاف سڑکوں پر نکلے، پاکپتن میں شہریوں نے بجلی نرخوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا اور بجلی کے بل جلا دیے۔