اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں مہوش (عائزہ خان) کو تھپڑ مارنے والی ماہم احمد (سویرا ندیم) بھی منظر عام پر آگئیں اور انہوں نے مشہور ہونے والے سین کے بارے میں سب کچھ بتا دیا۔
گزشتہ ہفتے نشر ہونے والی قسط میں ڈرامے میں جب مہوش اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھیں تو اُس دوران ماہم نامی خاتون کی سرپرائز انٹری ہوئی جنہوں نے عائزہ خان کو تھپڑ مار کر بتایا کہ ’میں شہوار احمد کی بیوی ہوں‘۔
ڈرامے میں ماہم کی انٹری اور تھپڑ کا رواں ہفتے خوب چرچا رہا اور سوشل میڈیا پر بھی ہر دوسرا شخص اس کا تذکرہ کرتا نظر آیا۔
اداکارہ سویرا ندیم نے اپنے حالیہ انٹرویو میں تھپڑ مارنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’شوٹنگ کے دوران جب مجھے کوئی جعلی تھپڑ مارتا تھا تو میرے تاثرات نہیں بدلتے تھے‘۔
مزید پڑھیں: ڈرامہ سیریل ‘میرے پاس تم ہو’ پاکستان میں نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب
اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نہ جعلی تھپڑ مارتی ہوں اور نہ ہی جعلی تھپڑ کھاتی ہوں کیونکہ میرا ان پر بالکل بھی یقین نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہود علوی اور نعمان اعجاز بھی یہ بات جانتے ہیں کہ میں باقاعدہ طور پر تھپڑ مارنے کا کہتی تھی، اس لیے شوٹنگ کے وقت اصلی تھپڑ مارا۔
اس سے قبل نشر ہونے والی 15ویں قسط میں ڈرامے کے دو اہم کردار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے درمیان جھگڑا دکھایا گیا، جس میں دانش نے شہوار کے دفتر جاکر اُس کے منہ پر تھپڑ مارا اور اُسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔
یاد رہے کہ میرے پاس تم ہو کی انٹرنیٹ پر شیئر ہونے والی ہر قسط کو ناظرین بہت غور سے دیکھتے اور اس پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تبصرے بھی کرتے نظر آتے ہیں، علاوہ ازیں ٹی وی پر جب یہ ڈرامہ نشر ہوتا ہے اُس وقت سب سے زیادہ ٹی آر پی حاصل کرتا ہے۔