کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ کمزور دل افراد ڈرامے کی اگلی قسط دل تھام کر دیکھیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ اختتام کی جانب گامزن ہے، ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر نے ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کمزور دل افراد ڈرامے کی اگلی قسط دل تھام کر دیکھیں۔
خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ عورت کے ہاتھوں برباد ہوئے مرد پر میں ترس کھاتا ہوں، جب میں نے یہ ڈراما لکھنے کا ارادہ کیا تو خود بخود میرے ذہن میں مکالمے آنا شروع ہوگئے اور میں انہیں سنبھالتا گیا اور لکھتا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامے کی اگلی قسط 60 سے 65 منٹ کی ہوگی اور میں سب سے درخواست کروں گا کہ اس دن ذرا دل تھام کر بیٹھئے گا جو کمزور دل حضرات ہیں ان سے میری بہت گزارش ہے کہ اپنی دوائیاں پاس لے کر بیٹھیں کیونکہ ڈرامہ دیکھے بغیر تو ان سے رہا نہیں جائے گا۔
خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ یاد رکھیں خدا نے میرے قلم سے وہ چیز آپ کے پاس بھیج دی جو بہت ساری عورتوں کو سنبھلنے کا موقع دے گی اور بہت سارے مردوں کو یہ سوچنے کا موقع دے گی کہ ایسی عورتوں کے منہ پر تھپڑ مارنے کی ضرورت نہیں وہ بدقسمت تو اپنے منہ پر خود تھپڑ مارچکی، بس انہیں دعا دیجئے اور رخصت کیجئے اور کہیے آپ ہمارے نہیں جناب تو ہم بھی آُپ کے نہیں۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی اگلی قسط ہفتے کی رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔