کراچی : شہر قائد میں شدید گرمی اور حبس کے باعث شہریوں کا جینا محال ہوگیا ہے، آج پارہ 40 سے اوپر جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ان دنوں شدید اور غیرمعمولی گرمی کی لپیٹ میں ہے، صبح سے ہی شہر میں حبس کی کیفیت ہے اور سمندری ہوائیں بھی معطل ہے، جس کے باعث آج میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جا پہنچا ہے جبکہ گرمی کی شدت 41 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آئندہ تین روز کے دوران درجہ حرارت اکتالیس تک جانےکاامکان ہے اور گرمی کی شدت 48 سے 50 ڈگری تک محسوس کی جائے گی ، سمندری ہوائیں معطل رہنے کے باعث حبس کی کیفیت بھی ہوگی۔
دوسری جانب سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب سمیت ملک کے دیگراضلاع میں بھی شدید گرمی پڑرہی ہے۔
لاڑکانہ میں پارہ 43 ڈگری کوچھو گیا، حیدرآباد،نوابشاہ، جیکب آباد، سکھر، فیصل آباد میں درجہ حرارت 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ رحیم یار خان، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپورمیں گرمی 41 ڈگری ہے۔
گذشتہ روز شہر قائد میں گزشتہ روز چند گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں سے دس افراد کی لاشیں ملیں تھیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق شہر میں گرمی زیادہ ہونے کی وجہ سے نشے کے عادی دس افراد نے دم توڑا، تاہم اس حوالےسے پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔