کراچی : شہرقائد میں مئی کےگرماگرم آغاز نےشہریوں کاجینا محال کردیا ، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کل درجہ حرارت41 سے 43ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق مئی کے آغاز کے ساتھ ہی کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل درجہ حرارت41 سے 43ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ آئندہ دو روزمیں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوامیں نمی کاتناسب 45 فیصدہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی اور اکتوبر سال کے گرم ترین ماہ شمار کئے جاتے ہیں اور ہر سال کی طرح اس سال بھی مئی کا مہینہ شہر قائد پر سورج پوری آب و تاب کے ساتھ گرمی برسائے گا اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔
ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے شہری پانی کا استعمال زیادہ کریں، شہری دھوپ میں نکلنے سے گریز اور کھانے پینے میں احتیاط کریں۔
دوسری جانب ملک کےبیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں قدرت مہربان ہے، آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔
گذشتہ روز جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ،سکھر میں درجہ حرارت انتالیس ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہید بینظر آباد ،موہنجوداڑو ،روہڑی بھی گرمی کے نشانے پر ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز میں جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد،گلگت بلتستان اورکشمیرمیں بارش کی نوید دی ہے۔