کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں جمعہ اور ہفتہ کودرجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے ، درجہ حرارت 6ڈگری تک جاسکتا ہے جبکہ سردی کے لہر 20سے21جنوری تک جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی، آج بھی کم سے کم درجہ حرارت 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ،ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد اور حد نگاہ 7 کلومیٹر ہے جبکہ شہر میں شمال مشرق سے یخ بستہ ہوائیں 20 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر نے بتایا ہے کہ کراچی میں جمعہ اور ہفتہ کو درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے، جمعہ اور ہفتہ کی شب درجہ حرارت 6 ڈگری تک گر سکتا ہے جبکہ شہر میں سردی کے لہر 20سے21جنوری تک رہنے کا امکان ہے تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں۔
دوسری جانب وادی کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ، زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری ، قلات میں منفی 8، کوئٹہ میں منفی 07ڈ گری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ژوب میں درجہ حرارت منفی 4،دالبندین میں منفی ایک ڈگری ، پنجگور میں صفر ،اوڑمارہ اور جیونی میں 12،گو ادر میں 14ڈگری ، تر بت میں 6،سبی میں4، خضدارمیں2 اور لسبیلہ میں6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
ملتان شیر اور گردونواح میں شدید سردی کی لہر برقرار یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور شدید دھند کے باعث حد نگاہ 400 سے500میٹر تک محدود ہوگئی ہے۔
شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم فور ٹریفک کے لیےبند ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔