کراچی : شہرقائد میں سورج سوا نیزے پر ہے، پارہ 44 ڈگری تک جا پہنچا ہے، گرمی کی شدت کے پیش نظر محکمہ صحت کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سورج قہر ڈھانے لگا، شدید گرمی نے شہریوں کی ہوائیاں اڑا دیں اور پارہ 44 ڈگری تک جا پہنچا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 12 فیصد ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ جھلسادینے والی گرمی آئندہ دوروز تک جاری رہے گی۔
ڈی جی میٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں نہ چلنے سےکراچی میں گرمی کی شدت ہے، کراچی میں گرمی کی لہر ہفتےتک برقرار رہے گی، ہفتے سے سمندری ہوائیں چلنے کاامکان ہے جبکہ اگلے 2 روزمیں کراچی میں پارہ بتدریج کم ہوگا۔
گرمی کی شدت کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے وارننگ جاری کردی گئی ہے اور کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے درجہ حرارت بڑھنے سے پریشانی کی کوئی بات نہیں اس کے باوجود شہری احتیاط کریں اور شام چار بجے تک اپنے گھروں یا دفاتر سے بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔باہر نکلنے کی صورت میں اپنے سر کو اچھی طرح ڈھانپ لیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی سال کا گرم ترین مہینہ شمار کیا جاتا ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی مئی کا مہینہ شہر قائد پر سورج پوری آب و تاب کے ساتھ گرمی برسائے گا اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔