کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کے بغیر آزاد عدلیہ کی جنگ ممکن نہ تھی۔
تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے سانحہ 12 مئی کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا میں 12 مئی سانحے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سانحہ 12 مئی کو کراچی میں خون کی ہولی کھیلی گئی جسے بھلانا ممکن نہیں ہے، جیالوں نے عدلیہ آزادی کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پی پی پی کارکنان کے بغیر آزاد عدلیہ کی جنگ ممکن نہ تھی، سانحہ 12 مئی میں ملوث کردار عمران خان کی حکومت کا حصہ ہیں، سانحے میں ملوث کرداروں کی وفاقی حکومت پشت پناہی کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 12 مئی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن، قاتلوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی: اسفندیار ولی
یاد رہے 12 مئی 2007 کو سابق معزول چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد کے موقع پر کراچی میں مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں درجنوں افراد مار دیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ 12 مئی: مزید ملزمان گرفتار، ڈیڑھ ماہ میں جے آئی ٹی رپورٹ فائنل کرنے کی تیاری
26 اکتوبر 2017 کو ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی نے سانحہ 12 مئی سمیت دیگر قتل کی وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے عدالت میں بیان حلفی جمع کرایا، جس میں انھوں نے کہا کہ قیادت نے حکم دیا کہ افتخار چوہدری کا راستہ روکنے کے لیے قتل و غارت گری یا ہنگامہ آرائی کر کے ہر صورت شہر بند کیا جائے۔