تازہ ترین

کون سی ویکسینز کرونا وائرس کا خطرہ 91 فی صد تک کم کر دیتی ہے؟

واشنگٹن: امریکی محققین کا کہنا ہے کہ ایم آر این اے ویکسینز مکمل ویکسی نیشن کروانے والوں میں کرونا وائرس کا خطرہ بہت کم کر دیتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک نئی ریسرچ اسٹڈی میں کہا گیا ہے کہ Messenger RNA (mRNA) ویکسینز کو وِڈ 19 کا خطرہ 91 فی صد تک کم کر دیتی ہیں، جب کہ امریکا میں ایف ڈی اے نے ایم آر این اے کی 2 ویکسینز منظور کی ہیں۔

ایف ڈی اے کی جانب سے کرونا وائرس کی منظور شدہ 2 ویکسینز میں فائزر – بائیو این ٹیک اور موڈرنا ویکسینز شامل ہیں۔

اس سلسلے میں امریکی ادارے سی ڈی سی نے تحقیق شائع کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایم آر این اے ویکسینیشن ان لوگوں کو فائدہ پہنچاتی ہے جو مکمل طور پر یا جزوی طور پر ویکسینیشن کے باوجود کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ مکمل ویکسینیشن کا مطلب دوسری خوراک کے 14 یا زیادہ دن بعد کوئی شخص وائرس کا شکار ہوا، اور جزوی ویکسینیشن کا مطلب پہلی خوراک کے 14 یا زیادہ دن سے لے کر دوسری خوراک کے بعد 13 روز تک ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں طبی کارکنوں، اور ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو کرونا وائرس کا شکار ہونے کا زیادہ امکان رکھتے تھے، ان کا 4 ہفتے تک مطالعہ کیا گیا اور پھر ڈیٹا حاصل کیا گیا۔

Comments