کراچی : بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان’’شاہین ‘‘ کراچی سے 280 کلومیٹر سے دور رہ گیا ہے ، جس کے باعث کراچی ، حیدرآباد ٹھٹھہ بدین و دیگر اضلاع میں معتدل اور ہلکی بارش متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے پانچواں الرٹ جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ سائیکلون میں تبدیل ہو چکا ،سائیکلون کا نام شاہین رکھا گیا ہے جو قطر نے تجویز کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کراچی سےدور280کلو میٹر جنوب مشرق میں ہے ، سمندری طوفان کے گرد ہوا کی رفتار 65 سے 85 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری طوفان کے باعث گوادر ،لسبیلہ ،آواران ،کیچ،خضدار ، قلات اور پنجگور ڈسٹرکٹ میں موسلا دھار بارش جبکہ کراچی ، حیدرآباد ٹھٹھہ بدین و دیگر اضلاع میں معتدل اور ہلکی بارش متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ پہلے بھی سمندری طوفان سے کراچی اور ساحلی پٹی کو خطرہ نہیں تھا تاہم امکانات تھے جو ٹل گئے ہیں ، طوفان اسوقت جنوب مشرق میں گوادر کی جانب ہے، جہاں سے وہ جنوب مغرب اومان کی جانب جائے گا۔
سردار سرفراز نے مزید کہا سمندر پر لو پریشر موجود ہے جس کے نتیجے میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں ، 3 اکتوبر تک سمندر میں طغیانی رہے گی ،ماہی گیر تین اکتوبر تک سمندر پر نہ جائیں۔