اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ خطہ پوٹھوہار اور خیبر پختو نخوا میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع ہے، جبکہ اسلام آباد اورگردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
بیان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں موسم سرد، پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کو متعدد مقامات پر بند کردیا گیا، موٹر وے پولیس نے عوام سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے کالا شاہ کاکو انٹر چینج تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ موٹر وے ایم ٹو کوٹ مومن تاللہ انٹر چینج تک دھند کے باعث بند کی گئی ہے، موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بابوصابو تک بند رہے گی۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک۔ موٹر وے ایم تھری سمندری سے درخانہ تک، موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک دھند کی وجہ سے بند رہے گی۔
کراچی میں کتنی سردی پڑنے والی ہے؟ محکمہ موسمیات کا اہم بیان
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، لاہور کے شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔