سوشل میڈیا کمپنی میٹا کی مقبول میسیجنگ ایپ واٹس ایپ پر اسرائیلی اسپائی ویئر کمپنی ’پیراگون سلوشنز‘ نے سائبہ حملہ کر کے صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت متعدد صارفین کو نشانہ بنایا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ حکام نے بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے پیراگون سلوشنز کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی صارفین کی نجی گفتگو کا تحفظ کرتی رہے گی۔
اسرائیلی کمپنی پیراگون سلوشنز نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
واٹس ایپ حکام نے رائٹرز کو بتایا کہ کمپنی نے واٹس ایپ کے تقریباً 90 صارفین تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جسے شناخت کیا۔
تاہم انہوں نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ خاص طور پر کس کو نشانہ بنایا گیا یا وہ کس ممالک سے تعلو رکھتے ہیں۔ حکام نے صرف اتنا بتایا کہ اسرائیل کمپنی کا ہدف سول سوسائٹی اور میڈیا کے ارکان تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ نے ہیکنگ کی کوششوں میں خلل ڈالا اور کینیڈا کے انٹرنیٹ واچ ڈاگ گروپ سٹیزن لیب کو اہداف کا حوالہ دے رہا ہے۔
حکام نے اس بات پر بھی بحث کرنے سے انکار کیا کہ یہ کیسے معلوم ہوا کہ پیراگون سلوشنز نے سائبر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں و دیگر کو اس حوالے سے اطلاع دے دی گئی۔
امریکا کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے فوری طور پر اس پر تبصرہ نہیں کیا۔
پیراگون حکومتی کلائنٹس کو اعلیٰ ترین نگرانی کا سافٹ ویئر فروخت کرتی ہے جبکہ جرائم کا مقابلہ کرنے اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلیے خدمات فراہم کرتی ہے۔