امریکی ریاست منیسوٹا کے ایک علاقے میں رات کے وقت زبردست روشنی اور دھماکا سنا گیا، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ شہاب ثاقب گرنے کا نتیجہ تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز بیلٹرامی کاؤنٹی میں روشنی کا ایک زبردست جھماکا دیکھا اور ایک زوردار دھماکا سنا گیا، جس نے علاقے کے گھروں کی کھڑکیوں اور دیواروں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ایک تیز روشنی کے بعد دھماکے کی آواز سنی گئی، اور ممکنہ طور پر یہ کسی شہابیہ کے گرنے کا نتیجہ تھا، کاؤنٹی کی ایمرجنسی منیجمنٹ نے کہا کہ روشنی اور دھماکے سے متعلق علاقے سے متعدد اطلاعات موصول ہوئیں۔
اطلاعات ملنے کے بعد کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے مقامی پاور اسٹیشنز اور ٹرانسفارمرز کو چیک کیا، تاکہ کسی دھماکے کا پتا چلایا جا سکے لیکن وہاں سب کچھ معمول کے مطابق کام کر رہا تھا اور کسی دھماکے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
اس سلسلے میں ایک رہائشی نے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کی، جس میں دیکھا گیا کہ آسمان سے ایک شہابیہ کی طرح شے گر رہی ہے، زمین پر گرتے ہی تیز روشنی اور پھر دھماکے کی آواز آئی۔
کاؤنٹی کے ترجمان کرسٹوفر مولر نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ یہ تو واضح ہے کہ یہ بیلٹرامی کاؤنٹی کے آسمانوں پر سے گزرنے والی کوئی چیز تھی، لیکن ہم صرف قیاس ہی کر سکتے ہیں کہ یہ کوئی شہابیہ تھا۔