کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج تیسرے روز بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ہے، شہر قائد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال نہیں ہوسکیں،ہوا میں نمی کا تناسب77 فیصد ہے۔شہر قائد میں آج مطلع ابرآلود رہےگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد بھی ندی نالے ابل پڑے تھے، سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ، بلدیہ ٹاؤن سمیت مضافاتی علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔
نارتھ کراچی ناگن فلائی اوور سے پاور ہاؤس چورنگی جانے والی سڑکوں پر بارش کا پانی تا حال جمع ہے، برساتی پانی کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے، بارش کے پانی کے سبب متعدد گاڑیاں خراب ہو کر بند ہوگئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبے بھر میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب جبکہ شہر قائد میں مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔