محکمہ موسمیات نے بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے بارش سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بالاکوٹ کے مقام پر 103 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، چراٹ میں 73 ملی میٹر بارش ہوئی، کشمیر میں ہرامان میں 68 اور چترکلاس میں 45 ملی میٹر برسات ہوئی۔
اسلام آباد میں گولڑہ کے مقام پر45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ بوکرہ میں 27 اور زیرو پوائنٹ میں 24 ملی میٹر بارش ہوئی، اٹک اور فیصل آباد میں 40 ملی میٹر کے قریب بادلوں سے پانی برسا۔
اس کے علاوہ راولپنڈی میں چکلالہ اور کچہری میں 24 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، سندھ میں چھور کے مقام پر 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔