کراچی: کل میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں، 3 لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ و طالبات کل سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات میں حصہ لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ نے چند دن قبل امتحانی شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے پرچے کل یکم اپریل سے شروع ہو رہے ہیں۔
[bs-quote quote=”محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 نافذ کر دی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]
چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ اس سال 365 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، جس میں 202 نجی اسکول اور 163 سرکاری اسکول شامل ہیں۔
نویں کلاس سائنس گروپ کے امتحانات میں ایک لاکھ 58 ہزار680 طلبہ، جب کہ دسویں کلاس میں ایک لاکھ 63 ہزار 371 امیدوار شرکت کریں گے۔
جنرل گروپ کے امتحان میں 45 ہزار 555 امیدوار شریک ہوں گے، امتحانات میں لڑکیوں کے لیے 167 اور لڑکوں کے لیے 198 امتحانی مراکز شامل ہیں۔
امتحانی شیڈول کے لیے یہ پڑھیں: میٹرک بورڈ کراچی کے تحت امتحانات کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا
محکمہ داخلہ سندھ نے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 نافذ کر دی، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحانات بند رہیں گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق امتحانات میں کسی بھی نقل کی شکایت پر مقامی تھانہ کارروائی کر سکتا ہے، امتحانات کے ضابطہ اخلاق اور قواعد پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ کل نویں جماعت بائیولوجی تھیوری کے پرچے سے امتحانات کا آغاز ہوگا، جب کہ جنرل سائنس کے امتحانات کا آغاز بھی کل سے ہو رہا ہے۔ میٹرک بورڈ کے مطابق تمام پرچے صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک ہوں گے۔