میکسیکو سٹی : شمالی امریکی میکسیکو نے درجنوں سپورٹس اور پُرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ضبط کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق میکسیکن پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن دوران اپنے قبضے میں لی گئی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ میکسیکو میں یہ فیصلہ صدر آندرے مینویل لوپز کے سادگی اپنانے سے متعلق پیغام کو عام کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے صدر آندرے مینویل لوپز نے کہا کہ ان 82 مہنگی ترین گاڑیوں کی نیلامی سے جمع ہونے والے رقم معاشرے کے گرے پڑے افراد کی بہبود پر لگائی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان مہنگی گاڑیوں میں لیمبورگینی، پورش سمیت دیگر سپورٹس کار اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیلامی کا اہتمام حکومت کی جانب سے ایک منفرد نام کے تحت تشکیل دیئے گئے ادارے نے کیا ہے۔ ادارے کا نام عوام سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی ہے۔
میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد سے ضبط کیا گیا تمام سامان پیچ کر اس سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام بالخصوص غریب اور نادار افراد کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائے جا سکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میکسیکو کے نو منتخب صدر نے دسمبر میں اپنی حلف برداری کے بعد سے ملک کو جرائم اور کرپشن کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعلان کیا تھا۔