لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت میں نقص نکالنے والی ن لیگ کو کرپشن ختم ہو جانے کا غم ہے، پنجاب میں صنعتی زون پوری طرح فعال اور کام کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر اطلاعات نے ن لیگی رہنما احسن اقبال کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کے رہنما خوش فہمی کا شکار ہے کہ پنجاب کے عوام کے وہ ٹھیکیدار ہیں ان کو صرف اپنی کرپشن کے ختم ہوجانے کو غم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نے حقائق جانے بغیر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی ہے، میں صرف اتنا کہوں گا کہ ارسطو صاحب! پنجاب میں اب تک ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔
پنجاب میں صنعتی زون پوری طرح فعال اور کام کر رہے ہیں۔ آپ جھوٹ بولنے کی بجائے میڈیا کے ہمراہ آ کر پنجاب حکومت کی کارکردگی دیکھ لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نئے انتخابات کے لئے2023ء تک صبر سے کام لیں، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دیگر منصوبے ملک بھر میں جاری ہیں۔