لاہور : پنجاب پولیس نے میاں چنوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے مرکزی ملزمان کو باقاعدہ شناخت کرنے کے بعد گرفتار کیا، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک مجموعی طور پر واقعے کے31 مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان کو مختلف مقامات پر چھاپے مار کر گرفتار کیا گیا، اس کے علاوہ پولیس نے اب تک 112مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو آج ملتان میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، آئی جی پنجاب نے آر پی او ملتان اور ڈی پی او خانیوال کو تفتیش کی خود نگرانی کرنے کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ افسوسناک واقعے کے مقدمے میں 33 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو شہریوں کو اشتعال دلاتے، اینٹوں اور ڈنڈوں سے شہری پر تشدد کرتے دیکھا گیا تھا، گرفتار ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور سنگین جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کا اندراج تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 353، 186، 148، 149 اور انسداد بد عنوانی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 اے کے تحت تشدد سے قتل کے تحت درج کیا گیا ہے۔
واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ دستیاب فوٹیجز اور شواہد کی مدد سے مزید ملزمان کی گرفتاری اور شناخت کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں : خانیوال میں پیش آئے سانحے میں ملوث مزید 6 افراد گرفتار
انہوں نے کہا کہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں رات بھر چھاپے مارتی رہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خفیہ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔