لاہور : معروف صنعت کار میاں محمد منشا اور ان کے بیٹے کو نیب کی جانب سے ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے، لندن میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب کی خریداری سے متعلق فنڈز کی منتقلی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو لاہور نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں معروف صنعت کار میاں منشا اور ان کے بیٹے حسن منشا کو اٹھائیس فروری کو طلب کرلیا۔
میاں منشا نے سال دو ہزار دس میں سینٹ جییمز ہوٹل اینڈ کلب کو خطیر رقم کےعوض خریدا تھا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو مذکورہ ہوٹل خرید نے سے متعلق فنڈز انگلینڈ منتقلی کے ذرائع پر تحقیقات کررہا ہے۔
نیب نوٹس میں میاں منشاء اور ان کے بیٹے حسن منشا کو سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب کی خریداری کے تمام دستاویزی ثبوت ساتھ لے کر آنے کا کہا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پچانوے ملین ڈالرکی منی لانڈرنگ کی تحقیقات ، میاں منشا 17 اگست کو طلب
نیب نے میاں منشا اور ان کے بیٹے کو بیان کیلئے ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔ نیب سترہ اگست دوہ زار اٹھارہ کو میاں منشاکو طلب کرچکا ہے تاہم کو وہ نیب کے روبرو پیش نہیں ہوئے تھے۔