اسلام آباد : الیکشن 2018 میں دولت مند امیدواروں میں آزاد امیدوار سب کو پیچھے چھوڑ گیا، پاکستان کا سب سے امیر امیدوار مظفر گڑھ کا محمد حسین نکلا ، ان کے اثاثوں کی مالیت چار کھرب، تین ارب ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018 میں پاکستان کا اب تک سب سے امیر امیدوار سامنے آگیا، امید وار کا تعلق مظفر گڑھ سے ہے، اور ان کا نام میاں محمد حسین ہے۔
حلف نامے کے مطابق میاں محمد حسین کےاثاثوں کی مالیت چار کھرب، تین ارب سے زائد ہے۔
میاں حسین قومی اسمبلی کے این اے 182 سے آزاد امیدوار ہیں جبکہ جمشید دستی اور حناربانی کھر ان کے مدمقابل ہیں۔
دوسری جانب قومی وطن پارٹی کے چیئر مین آفتاب شیر پاؤ بھی کروڑ پتی ہیں، ان کے اثاثوں کی کل مالیت نو کروڑ انتالیس لاکھ چار ہزار سے زائد ہے، وہ پینتیس لاکھ کی لینڈکروزر کے مالک بھی ہیں ۔
دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں تیرانوے لاکھ کا بنگلہ اور تیس ہزار روپے کے طلائی زیوارات بھی ان کی ملکیت ہیں۔
آفتاب شیر پاؤ کی اہلیہ کے اثاثے شوہر سے بھی زیادہ ہیں، بیگم شیر پاؤ کے اثاثہ جات کی مالیت 9 کروڑ 72 لاکھ سے زائد ہے۔