میانوالی: صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں ٹریلر اور ایمبولینس میں تصادم کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی کے قریب ملتان روڈ ہیڈپکا کے قریب ایمبولینس اور ٹریلر میں تصادم ہوا، حادثے کے بعد ایمبولینس میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔
ایمبولینس میں آگ لگنے سے بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کی شکار ایمبولینس مریض اور اس کے اہل خانہ کو بھکرسے راولپنڈی لے کرجا رہی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق لاشوں کوڈی ایچ کیو اسپتال میانوالی منتقل کردیا گیا، قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔
لیہ میں تیز رفتار پک اپ کو حادثہ، 6 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ دو روز قبل صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں جیسل روڈ کے قریب تیز رفتار پک موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی تھی، حادثے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
قلات کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم، 4 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے قلات کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں کمشنر مکران ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ طارق زہری ان کا ڈرائیور اور گن مین بھی شامل ہیں۔