امریکی ڈرامہ سیریز سے شہرت پانے والی اداکارہ مشیل ٹریچٹنبرگ کی 39 سال کی عمر میں کس طرح موت ہوئی وجہ سامنے آگئی۔
گوسپ گرل اور بفی دی ویمپائر سلیئر جیسی مشہور امریکی سیریز سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ مشیل کی اس سال فروری میں موت واقع ہوئی تھی، ان کی والدہ نے 26 فروری کی صبح اداکارہ کو نیویارک کے مین ہٹن میں سینٹرل پارک ساؤتھ کے ایک لگژری اپارٹمنٹ کمپلیکس میں بے ہوش پایا تھا۔
نیو یارک سٹی آفس آف چیف میڈیکل ایگزامینر نے بتایا کہ لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج کے جائزے کے بعد، یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکارہ کی موت ذیابیطس میلٹس کی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔
کورونر آفس نے بتایا کہ اداکارہ کی موت کی وجہ غیرمتعین رہے گی کیونکہ انکے اہل خانہ نے مذہبی وجوہات کی بنا پر ان کے جسم کا پوسٹ مارٹم نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
تاہم لیب ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد میڈیکل ایگزامنر آفس پوسٹ مارٹم کے بغیر انکی موت کی وجہ کا تعین کرنے میں کامیاب رہا۔
اے بی سی نیوز کے مطابق، اس وقت یہ خیال کیا جاتا تھا کہ مشیل جنھوں نے حال ہی میں جگر کا ٹرانسپلانٹ کروایا تھا، انکی موت قدرتی وجوہات کی بنا پر ہوئی تاہم اب ذیابطیس کی پیچیدگی ان کی موقت کی وجہ قرار دی گئی ہے۔