لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے کہا ہے کہ مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں اور ناجائز وارننگ دے کر ٹیم سے باہر نکال دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر عمر اکمل نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں اور کہا کہ اکیڈمی آنے کے بجائے کلب کرکٹ کھیلو۔
عمر اکمل نے دعویٰ کیا کہ مکی آرتھر نے چیف سلیکٹر اور کھلاڑیوں کے سامنے مغلظات بکیں اور اس دوران کسی کھلاڑی نے انہیں گالیاں دینے سے روکا نہیں جبکہ وہ مختلف اوقات میں دیگر کھلاڑیوں کو بھی گالیاں دیتے ہیں۔
مڈل آرڈر بلے باز نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف کے رویے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتانا چاہتا ہوں مگر کوئی سننے والا نہیں، انہیں ٹریننگ بھی نہیں کرنے دی گئی اور ٹرینر نے بھی ٹریننگ دینے سے صاف انکار کردیا۔
عمر اکمل نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف نے میرے ساتھ نازیبا رویہ کیوں رکھا ہوا ہے یہ بات ابھی تک سمجھ نہیں آئی جبکہ مجھے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ پہلے کرکٹ کلب کھیلوں اور پھر قومی ٹیم میں جگہ بننے کی خواہش کا اظہار کروں۔
میں نے کوئی گالی نہیں دی، مکی آرتھر
دوسری جانب مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ عمر اکمل غلط بیانی کررہے ہیں میں نے کوئی گالی نہیں دی۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ عمر اکمل کو کہتا تھا کہ اپنے روئیے میں بہتری لاؤ۔