برسبین : آسٹریلیا کیخلاف پاکستان ٹیم نے برسبین ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردیں۔ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت ہے تاہم پاکستان کو بیٹنگ میں مزید بہتری لانا ہوگی۔ یاسر شاہ نے فٹنس بحال کرنے کیلئے بولنگ شروع کردی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسبین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی بلے باز بہت اچھے ہیں، ان کی قابلیت پر بھروسہ کرنا ہو گا، اسد شفیق اور بابر اعظم کا مستقبل تابناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم برصغیر میں پریشانی کا شکار ہوتی ہے جبکہ برصغیر کی ٹیموں کو آسٹریلیا میں مشکلات پیش آتی ہیں، تاہم کھلاڑیوں کا جلد ماحول سے ہم آہنگ ہونا ہی اچھا ہے کیونکہ اس کے بغیر اچھی کارکردگی ممکن نہیں۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ابھی بھی بیٹنگ مسائل کا سامنا ہے۔ کھلاڑی زائد رنزاسکور کریں تو میچ بچا سکیں گے، ٹاپ آرڈر کے بعد اسد شفیق اور بابراعظم تکنیکی لحاظ سے پاکستان ٹیم کے ذمہ دار بیٹسمین ثابت ہونگے۔ پاکستانی ٹیم کو کوئی کمزور نہ سمجھے، سیریز میں مشکل ہے لیکن پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آغاز پندرہ دسمبر سے ہوگا، پاکستانی ٹیم نے برسبین ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
پنک گیند سے تباہی مچانے کیلئے پاکستانی بولرز نے بھی کمر کس لی ہے، باؤنسی اور تیز وکٹوں پر سنبھل کر کھیلنے کیلئے بلے بازوں کی سخت محنت کرنا ہوگی، یہ خامیوں کو دور کرنے کا اہم موقع ہے۔