بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ چیمپئن ہے آسان حریف تصور نہیں کریں گے، مکی آرتھر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: قومی  کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ چیمپئن ہے آسان حریف تصور نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، مکی آرتھر نے کہا کہ تمام کھلاڑی کراچی میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، ٹیم میں کچھ نئے کھلاڑی شامل کئے گئے ہیں۔

ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی سال سے انٹرنیشنل کرکٹ اپنے ملک میں نہیں کھیلی، کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے ساتھ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔

پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راحت علی نے پی ایس ایل میں اچھا کھیل پیش کیا، کامران اکمل نے پی ایس ایل تھری میں اچھی بیٹنگ کی، بدقسمتی سے کامران اکمل اچھے فیلڈر نہیں ہیں، اچھے فیلڈر ہوں تو ٹیم میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد وکٹ کیپر کی حیثیت سے کھیل رہے ہیں جبکہ عثمان خان شنواری فارم میں اور فٹ ہیں، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹیم بنا رہا ہوں۔

محمد حفیظ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حفیظ اگر بولنگ کررہے ہیں تو اچھی بات ہے مگر بولنگ کے بغیر حفیظ کا فائدہ نہیں البتہ ان پر کرکٹ کے دروازے بند نہیں ہوئے، ون ڈے میچز میں ان کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، چاہتا ہوں کہ کراچی میں گراؤنڈ تماشائیوں سے بھرا ہوا ہو، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پر امن انعقاد کے لیے سندھ رینجرز کے جوانوں نے سیکیورٹی سنبھال لی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز کردیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں