لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کسی بھی مضبوط سے مضبوط ٹیم کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے جس کا ایک نمونہ چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی ہے کہ جب کھلاڑیوں میں یہ یقین بڑھتا گیا تو جیت ملتی چلی گئی۔
مکی آرتھر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو پاکستان سے زیادہ عرصے دور نہیں رکھا جا سکتا اس لیے پاکستان کرکٹ کو تنہا کرنا بہت مشکل ہے تاہم پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہا ہے۔
ہیڈ کوچ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ورلڈ الیون ٹور ضرور ہوگا اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئے گی جہاں بین الااقوامی کرکٹر اپنے کھیل سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی جس کے بعد کھاڑیوں کا مورال بلند ہے اور ٹیم کے اعتماد میں اخافہ ہوا ہے تاہم چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے بعد اگلا ہدف جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کی ابھی کوئی سیریز نہیں لیکن تمام کھلاڑی انٹرنیشنل لیگز کھیل رہے ہیں جس سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار اوراعتماد آئے گا۔