مائیکروسافٹ کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر مائیکروسافٹ کی انجینئر إبتال ابو سعد نے فلسطین کے حق میں احتجاج کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر مائیکروسافٹ کی انجینئر إبتال ابو سعد نے کمپنی پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیلی فوج کو اے آئی ٹیکنالوجی فراہم کر رہے ہیں تاکہ اسے غزہ پر جارحیت میں استعمال کیا جا سکے۔
تقریب کے دوران معاملات اُس وقت کشیدہ ہوئے جب مائیکروسافٹ اے آئی کے سربراہ مصطفیٰ سلیمان کمپنی کے نئے AI اسسٹنٹ ’Copilot‘ کی اپڈیٹس اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈال رہے تھے۔
اسی دوران مائیکروسوفٹ کی ایک خاتون ملازم ابتال ابوسعید نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ تمہیں شرم آنی چاہیے، تم اے آئی کو بہتری کے لیے استعمال کرنے کی بات کرتے ہو، جبکہ مائیکروسافٹ اسرائیلی فوج کو مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی مہیا کر رہا ہے۔
اس احتجاج پر مصطفیٰ سلیمان نے مختصر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے احتجاج کا شکریہ میں نے آپ کی بات سن لی ہے مگر ابتال نے جواب میں کہا کہ آپ کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، پورا مائیکروسافٹ خون آلود ہے۔
ذرائع کے مطابق جس وقت یہ احتجاج کیا گیا اس وقت مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور سابق سی ای او اسٹیو بالمر بھی موجود تھے، جنہوں نے یہ سب منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا۔