معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے کروڑوں صارفین رکھنے والی اپنی مشہور زمانہ ویڈیو کالنگ سروس اسکائپ کو مئی 2025 سے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکائپ کسی زمانے میں دنیا کی سب سے مقبول ویب سائٹس میں سے ایک تھی جہاں لوگ کمپیوٹر کے ذریعے پوری دنیا میں دوستوں اور اہل خانہ کو مفت وائس کال کیا کرتے تھے۔
اگرچہ مذکورہ سروس فراہم کرنے والی دیگر کمپنیاں بھی موجود ہیں لیکن لوگوں کو کمپیوٹر سے کمپیوٹر کالز مفت کرنے کی اجازت دے کر اس نے خوب پذیرائی حاصل کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسکائپ نے اعلان کیا کہ صارفین اپنے تمام چیٹس اور رابطوں کیلیے Microsoft Teams میں سائن ان کر سکتے ہیں۔
اسکائپ کو پہلی بار 2003 میں ریلیز کیا گیا تھا، پھر اس کو 2011 میں ٹیک دیو نے 8.5 بلین ڈالر میں خریدا تھا۔
ویڈیو کالنگ سروس بند ہونے کی خبر پر ایک صارف نے اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ میرا سب سے اچھا دوست اور میں اسکائپ پر بہت سی اچھی یادیں شیئر کرتے ہیں، تقریباً میری نوجوانی کا ایک اور دوست کھونے کو ہے۔
جیسے جیسے واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اسکائپ کا استعمال کم ہوتا گیا۔
اسکائپ کی بندش کی خبر کے اعلان پر مائیکروسافٹ نے جیف ٹیپر کا ایک بلاگ پوسٹ شائع کیا گیا جو کمپنی کے ایپس اور پلیٹ فارمز کے صدر ہیں۔
بلاگ میں انہوں نے کہا کہ کمپنی TEAMS پر توجہ مرکوز کرنے کیلیے اپنی مفت خدمات کو ہموار کرنا چاہتی ہے، اسکائپ صارفین کے پاس اب ایک انتخاب ہے کہ مائیکروسافٹ TEAMS پر جائیں یا اپنے اسکائپ ڈیٹا کو ایکسپورٹ کریں۔