اسلام آباد : مفتاح اسماعیل نے وفاقی وزیرکے عہدے کا حلف اٹھالیا، مفتاح اسماعیل بطور وفاقی وزیرخزانہ آج بجٹ پیش کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ نےبجٹ سےچند گھنٹےپہلے مشیرمفتاح اسماعیل کووفاقی وزیرخزانہ بنادیا، وفاقی وزیر کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، صدر مملکت ممنون حسین نے مفتاح اسماعیل سے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا اور باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ حکام اور سیاسی کارکنوں نے شرکت کی۔
مفتاح اسماعیل آج مسلم لیگ حکومت کا چھٹا اور آخری بجٹ پیش کریں گے۔
گذشتہ سال حکومت نے مفتاح اسماعیل کو وزیر اعظم کا مشیر برائے خزانہ و اقتصادی امور کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ مفتاح اسماعیل سے قبل اسحاق ڈار وزیر خزانہ تھے، آمدن سےزائد اثاثہ جات ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور وہ اکتوبر 2017 سے لندن میں زیر علاج ہے۔
واضح رہے کہ سحاق ڈار کے طویل رخصت پر جانے کے باعث وزارتِ خزانہ اور اقتصادی امور کا اضافی چارج وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی کے پاس تھا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آج اپنا آخری بجٹ پیش کرنے جارہی ہے، بجٹ کا حجم 56 کھرب اور ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4435 ارب روپے مختص کیا گیا ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ دو سو سے زائد اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔