اسلام آباد : وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بجٹ میں کوئی کمی ہوگی تو اسے پورا کرنے کی پوری کوشش کرینگے، اپوزیشن کا پروپیگنڈا بےبنیاد ہے، ٹیکس چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ سیمینار کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، وزیرخزانہ نے کہا کہ حالیہ بجٹ کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے، غلطیوں کا ازالہ کیاجائے گا، بجٹ سے کسی محکمے کے اخراجات نہیں بڑھیں گے، اس حوالے سے اپوزیشن کا پروپیگنڈا بےبنیاد ہے۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ بجٹ میں کوئی کمی ہوگی تو اسے پورا کرنے کی کوشش کرینگے، عام آدمی کے لئے انکم ٹیکس میں کمی کی ہے، نئی گاڑی یا جائیداد خریدنے والے کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا،۔
چار ہزار ارب روپے تک ٹیکس جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، آئندہ مالی سال کیلئے شرح نمو کا ہدف6.25فیصد رکھا ہے، برآمدات پیکج کو تین سال تک بڑھانے کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے، اس سال جی ڈی پی کی گیارہ فیصد گروتھ ہوگی، گندم اور گنے کی کاشت پر زیادہ سپورٹ پرائز نقصان دہ ہے۔
مفتاح اسماعیل نے واضح کیا کہ یکم جولائی کو پیٹرولیم لیوی نہیں بڑھےگی، ہم نے پیٹرول لیوی کی حد کو بڑھایا ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر بینک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ روپے آتے ہیں تو ذریعہ آمدنی بتانا ہوگا، ٹٰیکس چوروں کو بہت رعایت مل چکی، اب انہیں نہیں چھوڑیں گے، ٹیکس دینے والوں کو دینا اور چوروں کو پکڑنا میری ذمے داری ہے۔
اس موقع پر ہارون اخترنے بتایا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے مراعات دی گئی ہیں۔ 5سال میں ایف بی آر کی آمدن دگنی کرکے جارہے ہیں۔