لاہور : وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے، پوری کوشش ہے جلد حالات کو بہتر کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سےوفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی ملاقات ہوئی ، جس میں ملک کےمعاشی حالات اورسیلاب کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی ترجیح ہے، متاثرین کی مددوبحالی کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتیں ، ادارے ایک پیج پر ہیں۔
بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کے وی سیز و دیگر رضاکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہےہیں ، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی میڈیکل ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جا چکی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ قوم کو امید دینی ہے، مایوسی نہیں پھیلانی، حالات مشکل ضرور ہیں لیکن معیشت کے اشاریوں سمیت دیگرشعبوں میں استحکام آیا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی کابینہ اور حکومت کوشاں ہے عوام کو ریلیف دیاجائے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے، پوری کوشش ہے جلد حالات کو بہتر کیا جائے۔
دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہے، سیلاب کی وجہ سےمعاشی دباؤاوربڑھ گیا ہے تاہم مقامی ٹریکٹر کی صنعت کےفروغ کے لیے آٹوپارٹس کی امپورٹ کو آسان بنایا جائے گا۔