سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ 17 سالوں میں سندھ میں ترقی صرف کرپشن میں ہوئی ہے۔
کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو انصاف کے تقاضے پورے کرنے ہوں گے، پیپلزپارٹی تعصب پرست جماعت ہے ووٹ کو عزت دینے والے آْج خدمت کو بھی آگے نہیں بڑھا رہے ہیں۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 17سالوں سے پپلز پارٹی کی بادشاہت میں تعلیم کے شعبے میں ہزاروں ارب روپے ہڑپ، خواندگی میں اضافہ کیا ہے، سندھ میں میٹرک سے قبل 40 فیصد بچے اسکول چھوڑ جاتے ہیں دو کروڑ دس لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شہر کراچی میں پیپلزپارٹی نے ووٹ تو لئے ہیں لیکن عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، نوکریاں بیچی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کیا صرف وزارتوں کے لیے آئی ہے، کراچی کو ترقی کے نام پر اکھاڑ کر رکھ دیا گیا ہے، عوام پاکستان پارٹی ملک کو مسائل سے نکالنے کا ہنر جانتی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اسٹیٹ بینک شرح سود میں کمی نہیں کرسکتا حالیہ بجٹ سے قوم کا وقت ضائع کیا گیا ہے۔
مخصوص نشستوں کے کیس کے فیصلے پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا یہ کس طرح کےفیصلے ہیں جو قانون سے بالا تر ہوکر ہورہے ہیں۔
انہوں نے سوات واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ ہم ان 18افراد کو نہ بچا سکے کیا اگر یہ کوئی سیاست دان ہوتے، پیسے والے ہوتے تو اس طرح نہ مرتے۔