جمعہ, نومبر 15, 2024
اشتہار

عمران حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے وعدوں کی خلاف ورزی کی: مفتاح اسماعیل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ن لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے وعدوں کی خلاف ورزی کی، پی ٹی آئی حکومت گھمبیر مسائل چھوڑ کر گئی ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو وعدے کیے، وہ اور جو لکھ کر دیا، اس کی بھی خلاف ورزی کی، عمران خان کی حکومت کو ایمنسٹی نہیں دینی چاہیے تھی، انھوں نے 2 سال آگے کا پیسہ بھی سفید کرنے کی ایمنسٹی اسکیم دی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ امید ہے شہباز شریف کی حکومت میں معاشی مستقبل بہتر ہوگا، مایوسی پھیلانا نہیں چاہتے مگر ریکارڈ کے لیے بتانا ضروری ہے کہ اس وقت حکومت پاکستان کا خسارہ 5600 ارب روپے ہے جو تاریخی ہے، اس کے علاوہ 800 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی بات کی جا رہی ہے، اس طرح مجموعی طور پر حکومت پاکستان کا خسارہ 6400 ارب روپے ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا شہباز شریف پوری کوشش کریں گے کہ یہ خسارہ کنٹرول کریں، یہ بات کرتے تھے کہ پچھلی حکومت نے بہت قرض چھوڑ دیا، آج تک پرائمری سرپلس نہیں ہوا، جب کہ اس سال صرف پرائمری ڈیفسٹ 1600 ارب روپے سے زیادہ ہے، افسوس کہ وزرا اور مشیرو ں نے عمران کو یہ کرنے دیا کہ معیشت کو داؤ پر لگا دیا۔

مفتاح نے کہا پاکستان کے خلاف سازش تو پی ٹی آئی کر کے گئی ہے، پاکستان کا تجارتی خسارہ 45 ارب ڈالر ہونے کو ہے جو ریکارڈ ہے، 24 فیصد ایکسپورٹ بڑھی ہے مگر امپورٹ تو 50 فیصد بڑھی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ زیادہ ہے اس لیے کرنسی ذخائر کم ہو رہے ہیں، یکم مارچ سے یکم اپریل کے دوران ایک ماہ میں 500 کروڑ ڈالر کرنسی کے ذخائر میں کمی آئی۔

انھوں نے کہا پچھلے دو ماہ پاکستان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا گیا، اب زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔ مفتاح نے کہا کہ کل اسٹاک مارکیٹ میں 1700 پوائنٹس کا تاریخی اضافہ ہوا، آج ڈالر 182 روپے 3 پیسے پر بند ہوا جو کل سے بھی کم ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں