اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

اسحاق ڈار میرے خلاف پروگرام کرواتے اور خبریں لگواتے تھے، مفتاح اسماعیل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار میرے خلاف پروگرام کرواتے اور خبریں لگواتے تھے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ نواز شریف ملک میں ہیں اب اسحاق ڈار اکیلے ان سے بات نہیں کرسکتے، نواز شریف کو معیشت سے متعلق دوسرے لوگ بھی رائے دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار میرے خلاف خبریں لگاتے تھے لیکن میں جواب نہیں دیتا تھا نظر انداز کردیتا تھا۔

- Advertisement -

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مجھے ہٹا کر ڈار صاحب کو لایا گیا تو وہ کوئی فیصلہ نہ کرسکے، 8 سے 9 ماہ ضائع ہوئے پھر وزیراعظم کو آئی ایم ایف سے بات کرنا پڑی، فیصلوں میں تاخیر کی وجہ سے مہنگائی ہوئی جس کا نتیجہ الیکشن میں نکلا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پہلے اسحاق ڈار کو باجوہ صاحب سہولت دے کر لائے تھے، کیسز ختم ہوئے، اب وہ معاملہ نہیں ہے، آئی ایم ایف کے سامنے اسحاق ڈار کو شکست ہوئی، محمد اورنگزیب قابل شخص ہیں وہ ملک میں بہتری لائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم یف کو خط لکھنے یا احتجاج کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، آئی ایم ایف دنیا بھر میں حکومت وقت سے ڈیل کرتی ہے، ان کا یہ کام نہیں ہے کہ الیکشن کا آڈٹ کرے، بانی پی ٹی آئی کو غلط مشورہ دیا گیا اس لیے انہوں نے خط لکھا۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کو لائن لاسز سے متعلق مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، ایف بی آر نے اپنا ٹارگٹ ضرور پورا کرلیا ہوگا، چیئرمین ایف بی آر ایسے نہیں ہیں کہ وہ جھوٹی خبر لگادیں۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ صوبوں کو 50 فیصد زیادہ پیسے دیتے ہیں تو وہ خرچ کرنا شروع کردیتے ہیں، صوبوں کے ملازمین کی تنخواہیں وفاق کے ملازمین سے زیادہ ہوگئی ہیں، صوبوں کے پاس ایسا کوئی کام نہیں رہا ہے کہ اپنا ٹیکس جمع کریں، وفاق اتنا خسارے میں چلا گیا ہے کہ تیزی سے ٹیکس بڑھا رہا ہے جس سے معیشت اور زیادہ بیٹھ رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں