اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس اور 8 فروری عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست سمیت دیگر اہم کیسز سماعت کیلیے مقرر کر دیے۔
آئینی بینچ کی 6 سے 10 جنوری کی کاز لسٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق ملٹری کورٹس کیس 7 جنوری کو سماعت کیلیے مقرر کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق آئینی درخواست بھی 7 جنوری کو سنی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر
لاپتہ افراد کیس پر 7 رکنی آئینی بینچ 8 جنوری کو سماعت کرے گا جبکہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب رولنگ نظرثانی کیس بھی سماعت کیلیے مقرر کیا گیا۔
حمزہ شہباز کی نظر ثانی درخواست پر سماعت 9 جنوری کو ہوگی۔ ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز کے صوابدیدی اختیارات کے خلاف درخواست بھی سماعت کیلیے مقرر ہے، آئینی بینچ 10 جنوری کو سماعت کرے گا۔
طلبا تنظیموں پر پابندی کے خلاف درخواست پر آئینی بینچ 10 جنوری کو سماعت کرے گا۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی مبینہ انتخابی دھاندلی کی درخواست بھی سماعت کیلیے مقرر ہے، سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بینچ 7 جنوری کو سماعت کرے گا۔
2005 کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کا کیس سماعت کیلیے مقرر کر دیا گیا، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 7 فروری کو سماعت کرے گا۔
عدالت نے ایرا سمیت تمام فریقین اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیے۔