پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

بلوچستان میں مجید بریگیڈ و دیگر دہشتگرد تنظیموں کیخلاف جامع فوجی آپریشن کی منظوری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی نے بلوچستان میں مجید بریگیڈ و دیگر دہشتگرد تنظیموں کے خلاف جامع فوجی آپریشن کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس کا اعلامیے جاری کیا گیا جس کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ، وزرائے اعلیٰ، آرمی چیف و اعلیٰ حکومتی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں شرکا کو سکیورٹی صورتحال، دہشتگردی اور دیگر چیلنجز کے خلاف اقدامات، امن کی صورتحال، قوم پرستی، مذہبی انتہا پسندی کو ہوا دینے کے خلاف کارروائیوں اور غیر قانونی اسپیکٹرم دہشتگردی کے گٹھ جوڑ سے نمٹنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں: جو بھی ملکی سکیورٹی میں رکاوٹ بنے گا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے، آرمی چیف

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس کا ایجنڈا انسداد دہشتگردی مہم کی تجدید تھا، اس میں چیلنجز سے نمٹنے کیلیے کثیرالجہتی کاوشوں پر اتفاق ہوا کہ عزم استحکام وژن کے فریم ورک کے تحت قومی مہم کو دوبارہ متحرک کرنا ناگزیر ہے، قومی مہم کیلیے پارٹی لائنوں کے پار سیاسی حمایت اور اتفاق رائے ضروری ہے، انسداد دہشتگردی مہم کیلیے صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان اشتراک پر زور دیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ نیکٹا کی بحالی اور قومی و صوبائی انٹیلیجنس فیوژن اور تھریٹ اسسمنٹ سینٹر کے قیام پر اتفاق ہوا، مسائل کو جامع طریقے سے حل کرنے کیلیے ایک مکمل نظام کا طریقہ اختیار کیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں مجید بریگیڈ و دیگر کے خلاف جامع فوجی آپریشن کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا جبکہ صوبائی اپیکس کمیٹیوں کے تحت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

فورم نے غیر قانونی اسپیکٹرم اور جرائم و دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کے نظام کو ختم کرنے کا عزم کیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کیلیے پاک فوج اور قومی سلامتی کو درپیش مسائل کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو انسداد دہشتگردی کے اقدامات پر عمل کی ہدایت کرتے ہوئے ملکی مسائل سے نمٹنے کیلیے سیاسی اتفاق رائے اور مثبت قومی بیانیے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلیے سیاسی استحکام اہم ہے، نواز شریف کی وزارت عظمیٰ میں مکمل سیاسی اتفاق رائے سے فوجی آپریشن کیا گیا تھا، قومی سطح پر فوجی آپریشن کے نتیجے میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا تھا، آج ایک بار پھرہم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلیے پرعزم ہیں، دہشتگردی کی عفریت کا سر کچلنا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ترجیح ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں