کراچی: آل کراچی ملک ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 11 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 11 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے، ہڑتال کااعلان آل کراچی ملک ایسوسی کی جانب سے کیا گیا۔
دودھ کے ہول سیلرز نے کمشنر کراچی سے ملاقات کی کوشش کی تھی لیکن یہ ملاقات نہیں ہو سکی، کمشنر آفس حکام کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی سرکاری میٹنگز میں مصروف ہیں، جب کہ دودھ کے ہول سیلرز سے ملاقات شیڈول میں بھی نہیں تھی۔
یاد رہے کہ پانچ جولائی کو ڈیری فارمرز نے کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد دودھ کی قیمت 85 روپے سے بڑھا کر 95 روپے فی لیٹر کر دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اسماعیل راہو
ہول سیلرز اور ریٹیلرز نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافےکا نوٹس لیا جائے۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر رسد و قیمت محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، متعلقہ افسران مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔